فلوجہ جنگ داعش کے بجائے فرقہ وارانہ انتقام کی شکل اختیار کرگئی
بغداد،10جون(آئی این ایس انڈیا)عراق کے شہر فلوجہ میں شدت پسند تنظیم دولت اسلامی داعش کے خلاف جاری فوجی آپریشن کی آڑ میں عام شہریوں کے قتل عام کا سلسلہ جاری ہے۔انٹرنیٹ پر پوسٹ کردہ ایک نئی فوٹیج میں عراقی فوج سے مل کر لڑنے والی شیعہ ملیشیا حشد الشعبی کو نقل مکانی کرنے والے شہریوں کو پکڑ کر موت کے گھاٹ اتارتے دکھایا گیا ہے۔الحدث ڈاٹ نیٹ کے مطابق فلوجہ کے عرب قبائلی عمائد نے حشدالشعبی کی انتقامی کارروائیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ الصقلایہ قصبے میں شیعہ ملیشیا نے 400 بے گناہ شہریوں کو ہلاک کردیا ہے۔قبائلی رہ نماؤں کا کہنا ہے کہ حکومت عام شہریوں کو تحفظ دینے اور فرقہ وارنہ لڑائی سے بچنے میں ناکام رہی ہے کیونکہ حشد الشعبی کے نام سے سرگرم شیعہ ملیشیا نے داعش کے خلاف جاری جنگ کو فرقہ وارانہ انتقام کی جنگ میں تبدیل کردیا ہے۔